اسلام آباد: سعودی عرب نے حج سیزن 2021 کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت پاکستان سمیت دنیا بھر سے صرف 60 ہزار عازمینِ حج کو فریضہ مقدسہ ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے حج سیزن 2021 کی منظوری دے دی ہے، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ خادم الحرمین شریفین نے عازمین حج کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں اور سعودی وزارت صحت کو ہدایت کی گئی ہے کہ رواں سال 60 ہزار عازمین حج ادا کریں گے جبکہ 18سال سےکم اور 60 سال سے زائد عمر کے افراد اس سال فریضہ ادا نہیں کرسکیں گے۔
معاونِ خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ سعودی حکومت کی جانب سے صورت حال دیکھ کر مزید فیصلے کیے جانے کا بھی امکان ہے جبکہ امیدہے رواں سال عمرہ کرنے کی اجازت بھی دے دی جائے گی۔
علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کی وجہ سے احتیاط برتی جارہی ہے اور پاکستان نے سعودی حکومت کے ساتھ چینی ویکسین لگوانے والوں کو اجازت دینے کا معاملہ اٹھایا ہے، امید ہے اس کا مثبت جواب آئے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی حکومت کے چینی ویکسین پر تحفظات ہیں اور اس ضمن میں بات چیت جاری ہے جبکہ ہم چاہتےہیں سعودی حکومت چینی ویکسین لگانے والوں کو اجازت دیں، امید ہے کہ جلد کوئی خوش خبری ملے گی۔
واضح رہے کہ کورونا کی وبا کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ غیرملکی عازمین فریضہ مقدسہ ادا کریں گے جبکہ سعودی حکومت نے عازمین کے لیے کورونا ویکسی نیشن کی شرط عائد کی اور منظور شدہ کمپنیوں کے ناموں کا اعلان بھی کیا ہے۔
سعودی حکومت کے اعلان اور شرط کے بعد پاکستانی وزارتِ خارجہ نے سعودی حکومت سے رابطہ کیا اور چینی ویکسین بھی رجسٹرڈ کرنے کی درخواست کی ہے۔
Comments are closed.