اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترس کا کہنا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کو اس تباہی سے نکلنے میں مدد کریں، جی20 ممالک 80 فیصد کاربن اخراج کے ذمہ دار ہیں، عالمی حدت میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد ہے، پاکستان دوسرے ممالک کے اقدامات کی قیمت چکا رہا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انتونیو گوترس نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں لوگ اپنا سب کچھ کھو چکے، متاثرہ علاقوں میں جو تباہی دیکھی الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا، سیلاب سے فصلیں تباہ ہوگئیں، مویشی ہلاک ہوگئے۔
انتونیو گوترس نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے لاکھوں افراد بے گھر ہوئے، اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد کی ضرورت ہے، اپنے لوگوں کی مدد کے لیے لوگ کام کر رہے ہیں، غریبوں کی یہ صورت حال دیکھ کر میں افسردہ ہوں، متاثرہ لوگوں کی ضروریات بہت زیادہ ہیں۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ اس وقت سوال انصاف کا ہے نہ کہ مدد کا، لوگ موسمیاتی تبدیلی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، واضح طور پر کہتا ہوں کہ امیر ممالک پاکستان کے لیے ریلیف فراہم کریں، ڈبلیو ایچ او کو کہوں گا کہ جتنا ہوسکے پاکستان کی مدد کرے، جی20 ممالک کو بھی کہوں گا کہ سامنے آئیں۔
اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کرنے پر سیکریٹری جنرل کے شکر گزار ہیں، موسمیاتی تبدیلی دنیا کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔
بلاول بھٹو زردای نے کہا کہ یو این سیکریٹری جنرل نے موئن جو دڑو کا بھی دورہ کیا، تباہ کاریوں کا سامنا کر رہے ہیں یہ مشکل ترین دور ہے۔
Comments are closed.