جمعہ 28؍صفر المظفر 1445ھ15؍ستمبر 2023ء

پاکستان جاپان سیکیورٹی ڈائیلاگ کے نویں دور کا آغاز

پاکستان جاپان سیکیورٹی ڈائیلاگ کے نویں دور کے آغاز کے ساتھ دونوں ممالک نے گہرے تعلقات کا ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔ 

پاکستان اور جاپان سیکیورٹی ڈائیلاگ کا نواں دور ٹوکیو میں منعقد ہوا۔ 

پاکستان کے ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (ایشیا پیسیفک) جناب امیر خرم راٹھور اور جاپان سے جنوب مشرقی اور جنوب مغربی ایشیائی امور کے محکمے کے ڈائریکٹر جنرل مسٹر ریو ناکامورا کی قیادت میں ہونے والے اس مکالمے میں باہمی دلچسپی کے موضوعات کا احاطہ کیا گیا۔

اس ملاقات میں پاکستان اور جاپان کے درمیان خوشگوار تعلقات، دفاع کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی صلاحیت اور دونوں فریقوں نے اپنی شراکت داری کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں فریقین نے علاقائی سلامتی اور موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ خرم راٹھور نے جاپانی وفد کو اپنے پڑوسی ممالک بشمول افغانستان اور ہندوستان کے ساتھ پُرامن ہمسائیگی کی پالیسی کے حوالے سے پاکستان کی ثابت قدمی سے آگاہ کیا۔ 

پاکستانی وفد نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی غیر قانونی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ 

جاپانی وفد نےدہشت گردی کے خلاف پاکستان کے فعال مؤقف اور عالمی امن میں اس کے اہم کردار کو سراہا۔

اس ضمن دونوں ممالک اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مذاکرات کے اگلے دور کی توقع رکھتے ہیں، جس کی میزبانی باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر پاکستان میں ہوگی۔

جاپان میں منعقد ہونے والا یہ ڈائیلاگ سیکیورٹی خدشات کو دور کرنے اور علاقائی استحکام کو فروغ دینے کے لیے پاکستان اور جاپان کے عزم کو ثابت کرتا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.