پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان بدل چکا ہے، حکومتی حربے پرانے ہوچکے۔
نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ حکومت کو سمجھ نہیں آرہی کہ پاکستان بدل چکا، یہ لانگ مارچ روکنے کے لیے پرانے حربےاستعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن اب واپس بوتل میں نہیں ڈالا جاسکتا، یہ سیاسی تحریک نہیں انقلاب آرہا ہے، جسے یہ روک نہیں سکیں گے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ عوام کے سیلاب کو جو روکنے کی کوشش کرے گا، وہ اس میں بہہ جائے گا، ہماری پولیس سے جو یہ کام کروا رہا ہے، وہ جرم کررہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عرب اسپرنگ سوشل میڈیا سے شروع ہوئی، ملک کے حالات سری لنکا سے بھی خوفناک ہوسکتے ہیں ۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ہمارےلوٹوں کے ڈی سیٹ ہونے کے بعد حمزہ شہباز کی پنجاب میں حکومت ختم ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک دم کوئی رات میں چھلانگ مار کر گھر میں آجائے تو میں دفاع کروں گا، شہید پولیس اہلکار کے گھر والوں سے ہمدردی ہے، جس نے حکم دیا تھا کہ اس کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں 14 افراد قتل ہوئے لیکن قاتل نہیں پکڑا گیا، پولیس اہلکار شہید ہوا ہے تو یہ ان کی ذمے داری ہے، قتل کا مقدمہ ان پر ہونا چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلا ف جنگ میں ہمیں ٹشو پیپر کی طرح استعمال کیا گیا ،امریکیوں کو ایسے لوگ چاہئیں جو خود کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال ہونے دیں۔
Comments are closed.