جمعرات 27؍شوال المکرم 1444ھ18؍مئی 2023ء

پاکستان ایک لاکھ 25 ہزار ٹن آم برآمد کرے گا

نئے سیزن کے میٹھے رس بھرے آم 20 مئی سے پاکستان سے ملکوں ملکوں بھیجے جائیں گے۔

پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد کے مطابق رواں سیزن 10 کروڑ ڈالر مالیت کا ایک لاکھ 25 ہزار ٹن آم برآمد ہوگا۔ پاکستان سے برآمد ہونے والا آم ملکی پیداواری صلاحیت 18 لاکھ ٹن کا تقریباً 7 فیصد ہے۔

پاکستانی آم کے بڑے خریداروں میں ایران، وسط ایشیائی ممالک، خلیجی ممالک اور برطانیہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ یورپی ممالک، کینیڈا، امریکا اور چاپان بھی پاکستانی آم کی اہم منڈیاں ہیں۔

وحید احمد کے مطابق رواں سیزن موسم سرما دیر تک رہنے اور تاخیر سے گرمیوں کی آمد نے آم کی فصل کو بیماریوں سے مقابلے کرنے کی صلاحیت کو متاثر کیا ہے۔ جس سے رواں سیزن آم کی فصل 20 فیصد یعنی 3 لاکھ 60 ہزار میڑک ٹن کم ہوگی۔

وحید احمد کے مطابق موسمی تبدیلیاں آم کی فصل کو متاثر کررہی ہیں۔ ملک میں آم کے ریسرچ ادارے اور صوبائی محکمہ زراعت موسمی بدلاؤ سے بچاؤ کے وسائل اور آگاہی فراہمی کریں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.