گزشتہ روز ایشیا کپ کے سُپر فور مرحلے میں سری لنکا کے خلاف سنسنی خیز میچ کے بعد پاکستان ہار کر ایشیا کپ سے باہر ہو گیا۔
ایشیا کپ کے سلسلے میں ہونے والے اہم میچ میں دفاعی چیمپئن سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
ایسے میں گزشتہ روز قومی ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر زمان خان کی آخری اوور میں پاکستان کو جتوانے کے لیے کی گئی محنت نے کرکٹ شائقین کے دل جیت لیے۔
جہاں پاکستان کے ہارنے پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گرین شرٹس پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے وہیں کچھ انٹرنیٹ صارفین کرکٹرز کی خصوصاً زمان خان کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔
پاکستانی ٹیم کا مورال بلند رکھنے کے لیے ناصرف عام بلکہ مشہور شخصیات بھی پوسٹس شیئر کر رہی ہیں۔
سوشل میڈیا خصوصاً ایکس ( ٹوئٹر) پر قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں بابر، نواز، رضوان، زمان خان، شاہین اور حارث کے ناموں کے ہیش ٹیگز ٹرینڈ کر رہے ہیں اور صارفین اپنے کھلاڑیوں کے لیے مخلتف تبصروں میں مصروف ہیں۔
اِن تبصروں میں منفی اور مثبت دونوں شامل ہیں جبکہ زمان خان کے لیے نیٹیزنز کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلے میچ ہی میں سخت محنت کر کے اُن کا دل جیت لیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا میچ کافی سنسنی خیز رہا۔
فاتح ٹیم سری لنکا کو آخری اوور میں 8 رنز درکار تھے اور پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے زمان خان نے یہ مشکل ترین آخری اوور کروایا۔
زمان خان کی آخری گیند پر سری لنکا کو 2 رنز درکار تھے لیکن ناقص فیلڈنگ کے نتیجے میں سری لنکن بیٹر نے با آسانی اسکور مکمل کر لیا اور اپنی ٹیم کو میچ جتوا کر فائنل میں پہنچا دیا۔
Comments are closed.