نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وباء کی تازہ صورتحال کے باعث کیٹگری سی ملکوں کی فہرست 7 سے بڑھا کر 15 کردی ہے، ان ملکوں سے پاکستان آنے والوں پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ پاکستان آنے والے تمام مسافروں کےلیے ویکسینیشن لازمی قرار دیدی گئی ہے۔
اسلام آباد میں این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا صورتحال کے سبب فضائی سفر کی کیٹگری سی لسٹ کا جائزہ لیا گیا اور حکام کی جانب سے لسٹ میں شامل ممالک کی تعداد 7 سے بڑھا کر 15 کردی گئی۔
این سی او سی کے مطابق کیٹگری سی ممالک میں جنوبی افریقا، نیدر لینڈز، ہانگ کانگ، ہنگری، آئر لینڈ ، کروشیا، سلووینیا، ویتنام، پولینڈ، موزمبیق، لیسوتھو، ایسواتینی، بوٹسوانا ، زمبابوے اور نمیبیا شامل ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جاری ہدایات کے تحت کیٹگری سی والے ممالک سے پاکستان آنے پر مکمل پابندی ہوگی تاہم ان ممالک سے اشد ضروری سفر خصوصی اجازت پر ہی ہوسکے گا۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ کیٹگری سی میں شامل ممالک سے پاکستان کیلئے سفر خصوصی کمیٹی سے استثنیٰ سرٹیفکیٹ کے بعد ممکن ہوگا۔
اس کے علاوہ این سی او سی کا کہنا ہے کہ پاکستان آنے والے تمام مسافروں کیلئے ویکسینیشن لازمی ہوگی،6 سال اور زائد عمر کے پاکستانیوں، غیر ملکیوں کیلئے بورڈنگ سے 48 گھنٹے پہلے کیا گیا پی سی آر ٹیسٹ دکھانا لازمی ہوگا۔
Comments are closed.