پاکستان اور بھارت زلزلے سے لرز اٹھے ہیں، پنجاب سمیت ملک کے بالائی علاقوں خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان، کشمیر کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
آج صبح اسلام آباد، راولپنڈی، مری، لاہور، شیخو پورہ، سرگودھا، ملتان، منڈی بہاء الدین، ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی، اسکردو، مظفر آباد، پشاور، مردان، سوات، مانسہرہ، بونیر، صوابی، لوئر دیر، باجوڑ، مالا کنڈ، نوشہرہ، شمالی وزیرستان سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہر اور گاؤں زلزلے سے لرز اٹھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر، بھارتی دارالحکومت نئی دہلی، ریاست اتر پردیش کے شہر نوائیڈا سمیت مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 9 ریکارڈ کی گئی ہے جس کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کاعلاقہ ہے، جبکہ یہ زلزلہ 210 کلو میٹر گہرائی میں آیا ہے۔
جن علاقوں میں زلزلہ آیا ہے وہاں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع فوری طور پر نہیں ملی ہے۔
Comments are closed.