افغانستان کی بدلتی صورتحال کے باعث پاکستان اور افغانستان کے درمیان ستمبر میں کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
افغانستان ٹیم کو سری لنکا میں پاکستان کی میزبانی کرنا ہے لیکن ملک میں فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بحال نہ ہونے کی وجہ سے افغانستان کرکٹ بورڈ کو لاجسٹک مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، البتہ دونوں بورڈز پُرامید ہیں کہ سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان ون ڈے سیریز ستمبر کے پہلے ہفتے میں سری لنکا میں کھیلی جانی ہے، لیکن افغانستان کرکٹ بورڈ کمرشل فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بحال ہونے کا منتظر ہے۔
سیریز کے شیڈول کا اعلان تو تاحال نہیں ہوا البتہ تین ستمبر کو متوقع طور پر شروع ہونے والی اس سیریز کے لیے افغانستان کرکٹ ٹیم نے کابل سے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے لیے سفر کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق افغانستان کی ٹیم اگلے تین سے چار روز میں کولمبو کے سفر کی تیاری کر رہا ہے، البتہ فلائٹ آپریشن بحال نہ ہونے کی وجہ سے افغانستان کرکٹ بورڈ کو مشکلات کا سامنا ہے۔
سیریز کی تیاری کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ کیمپ 21 اگست سے شروع ہوگا اور پاکستان ٹیم کا اعلان بھی کل کیا جا سکتا ہے، لیکن یہ خبریں بھی آرہی ہیں کہ لاجسٹک مسائل کے باعث سیریز کو ملتوی بھی کیا جاسکتا ہے۔
Comments are closed.