نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان مینز کرکٹ ٹیم آج اپنا 200واں ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے جارہی ہے۔
انگلینڈ کے خلاف سیریز کا چوتھا ٹی ٹوئنٹی مقابلہ پاکستان ٹیم کا مجموعی طور پر 200واں میچ ہوگا۔
پاکستان نے اب تک 199 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں، جو پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز میں سب سے زیادہ میچز کا ریکارڈ ہے۔
پاکستان نے 199 میں سے 121 میچز جیتے جبکہ اسے 70 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
قومی ٹیم کے دو میچز ٹائی ہوئے اور پانچ میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئے۔
ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی جیت کا تناسب 63.14 رہا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بھی انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔
برسٹل میں 2006 میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے میزبان انگلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
اس میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 147 رنز بنائے تھے۔
قومی بیٹرز نے 18ویں اوور کی پانچویں گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز کا ہدف باآسانی پورا کرلیا تھا۔
میچ میں شاہد آفریدی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔
ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی طرف سے نمائندگی کرنے والے نمایاں کپتانوں میں انضمام الحق، یونس خان، مصباح الحق، شاہد آفریدی، شعیب ملک، محمد حفیظ، سرفراز احمد، شاداب خان اور بابر اعظم شامل ہیں۔
کپتان کی حیثیت سے ٹیم کو سب سے کامیابیاں دلوانے کا اعزاز قومی کرکٹ ٹیم کے موجودہ قائد بابر اعظم کے پاس ہے۔
خیال رہے کہ دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کا اعزاز بھارت کے پاس ہے، جس نے اب تک 181 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں، جس میں اس نے 115 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ 58 میچز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
Comments are closed.