پیر18؍ربیع الثانی 1444ھ14؍نومبر2022ء

پاکستان انڈر-19 کو آخری ون ڈے میں شکست، سیریز 1-2 سے بنگلادیش انڈر-19 کے نام

بنگلادیش انڈر-19 نے پاکستان انڈر-19 کو تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔

بنگلادیش کے پرویز جبون کو شاندارآل راؤنڈ کارکردگی دکھانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ پاکستان کے عرافات منہاس کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلہ دیش انڈر-19 ٹیموں کے مابین کھیلی جانے والی تین ون ڈے میچز کی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں بنگلہ دیش نے 221 رنز کا ہدف 41 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

مہمان ٹیم کی جانب سے اوپنر محمد عاشق الرحمٰن شبلی نے 72 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کپتان احرار امین 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن پرویز جبون نے بغیر وکٹ گنوائے 57 رنز کی فاتحانہ اننگز کھیلی۔

اس سے قبل بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔ 

اننگز کے آغاز میں پاکستانی اوپنر محمد فاروق بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔ کپتان سعد بیگ اور طیب عارف نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 44 رنز بنائے۔

پاکستان ٹیم نے مقررہ 42 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنائے۔

بنگلادیش کی جانب سے رفیع الزماں اور روہانت بورسن نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ دونوں نے 3، 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ان کے علاوہ پرویز جبون نے 2 جبکہ اقبال حسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.