صدرِ مسلم لیگ ن اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اللّٰہ تعالیٰ کی رحمت اور مسلمانانِ برصغیر کی دعاؤں کی قبولیت کا مظہر ہے۔
یومِ پاکستان کے موقع پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں صدر مسلم لیگ ن اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ قائدِ اعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں جمہوری جدوجہد سے پاکستان وجود میں آیا۔
’’وطن کیلئے قربانیاں دینے والوں کو سر جھکا کر سلام‘‘
ان کا کہنا ہے کہ قیامِ وطن کے لیے قربان ہو جانے اور عظیم قربانیاں دینے والوں کو سرجھکا کر سلام کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج کے دن ہم تحریکِ پاکستان کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت بھی پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلمانانِ برصغیر کی آرزوؤں کا مرکز اور ایک مقدس امانت ہے، گزشتہ 75 برس میں پاکستان جوہری ملک بنا اور اس نے تعمیر و ترقی کا شاندار سفر طے کیا۔
’’ایمان، اتحاد، تنظیم پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے‘‘
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں قائدِ اعظم کے فرمان ایمان، اتحاد اور تنظیم پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ مسلمانانِ برصغیر کے خوابوں کی تعبیر کے لیے پاکستان کو معاشی قوت بنانا بنیادی تقاضہ ہے۔
صدر ن لیگ میاں شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم عہد کرتے ہیں کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں قیامِ پاکستان کے مقاصد کو تعبیر دے کر رہیں گے۔
Comments are closed.