اتوار 29؍جمادی الثانی 1444ھ22؍جنوری 2023ء

پاکستان اس لیے نہیں بنایا کہ غربت میں زندگی گزاریں: مفتاح اسماعیل

سابق وزیرِ خزانہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ پاکستان اس لیے نہیں بنایا تھا کہ لوگ غربت میں زندگی گزاریں۔

کوئٹہ پریس کلب میں مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے شاہد خاقان عباسی، مصطفیٰ نواز کھوکھر اور لشکری رئیسانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس سال پاکستان کو 21 ارب ڈالرn واپس کرنا ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو واپس لائے تو ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل گیا، گزشتہ 4 ماہ میں جو ہوا اس سے افسوس ہوا، آئی ایم ایف سے اب بات چیت شروع ہو گئی ہے جو خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، 20 سال سے قرض بڑھ رہا ہے، 51 ہزار ارب روپے قرض پہنچ چکا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے اعتراف کیا ہے کہ ہم سب ملکی سیاسی صورتِ حال کے ذمے دار ہیں۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ حکومت تعلیم اور صحت کے بجائے قرض کی قسط ادا کرے گی، قسطیں ادا کرنے کے لیے لوگوں کے مزید پیٹ کاٹنے کی گنجائش نہیں۔

ان کا مزید کہنا ہےکہ بہت بے روزگاری اور مہنگائی بڑھ چکی ہے، وقت آ گیا ہے کہ لوگوں کو حقوق دیے جائیں۔

سابق وزیرِ خزانہ نے یہ بھی کہا کہ ملک میں 80 فیصد بچے غذائی قلت کا شکار ہیں، برآمدات بڑھانا ہوں گی، زراعت بہتر بنانا ہو گی۔

اس موقع پر لشکری رئیسانی نے کہا کہ آج حکومتیں مفلوج ہیں، ریاست کو چاہیے کہ ڈائیلاگ شروع کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ڈائیلاگ سے پہلے اعتماد کی فضاء پیدا کی جائے تاکہ بحرانوں سے نکل سکیں، بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کرنا چاہیے۔

لشکری رئیسانی نے اس موقع پر مطالبہ کیا ہے کہ مولانا ہدایت اللّٰہ سمیت تمام کے کیسز واپس لیے جائیں اور گوادر کے عوام کے مطالبات پورے کیے جائیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.