نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان اسکواڈ میں شامل نہ ہونے کے بعد شاداب خان نے بھی وضاحت دے دی۔
پاکستان ٹیم کے اسپن بولنگ آل راؤنڈر شاداب خان نے سوشل میڈیا پر اسکواڈ میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ بدقسمتی سے میری انگلی میں معمولی فریکچر ہے۔
شاداب خان نے نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ خطرے کی کوئی بات نہیں، 3 ہفتوں میں ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گا۔
علاوہ ازیں ٹوئٹر پر ایک اکاؤنٹ سے کی گئی پوسٹ پر شاداب خان نے جواب دیا کہ ایک وقت تھا جب مجھے بھی کوئی نہیں جانتا تھا۔
شاداب خان نے لکھا کہ ایک مرتبہ اپنے نئے کھلاڑیوں کو موقع دے کر دیکھئے، سب میں ٹیلنٹ ہوتا ہے جو اس لیول تک پہنچتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عبوری چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیرسیز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔
عبوری چیف سلیکٹر نے بتایا تھا کہ شاداب خان کو کہا گیا کہ پہلے بولنگ کرائیں پھر بتائیں کہ کیسا محسوس کر رہے ہیں جس کے بعد شاداب نے بتایا کہ انہیں انگلی میں تکلیف ہے اس لیے ان کو آرام دیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے میچز 9، 11 اور 13 جنوری کو کراچی میں شیڈول ہیں۔
Comments are closed.