امریکا میں منعقدہ بین الاقوامی ہائبرڈ کانفرنس میں آن لائن تحقیق پیش کر کے پاکستانی پی ایچ ڈی اسکالر عائشہ اسحاق نے 2 بین الاقوامی اعزازات اپنے نام کر لیے۔
بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)، جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق انہوں نے یہ اعزاز ات سان فرانسسکو میں انٹرنیشنل سوسائٹی فار اسٹیم سیل ریسرچ (آئی ایس ایس سی آر) کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے بین الاقوامی ہائبرڈ کانفرنس کے پوسٹر سیشن میں آن لائن تحقیق پیش کرتے ہوئے حاصل کیے ہیں۔
مذکورہ تحقیق دراصل چوہوں کے ہڈیوں کے گودوں سے نکالے گئے بنیادی خلیات کے استعمال سے اسٹروک، فالج اور دیگر امراض کے علاج سے متعلق ہے۔
عائشہ اسحاق ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) میں پروفیسر ڈاکٹر عصمت سلیم کی زیرِ نگرانی پی ایچ ڈی کر رہی ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر عصمت سلیم کی نگرانی میں مکمل ہونے والی تحقیق کی تلخیص کے غیر معمولی ہونے کے اعتراف میں انہیں انٹرنیشنل سوسائٹی فار اسٹیم سیل ریسرچ (آئی ایس ایس سی آر) یو ایس اے کے 2 بین الاقوامی ایوارڈز ’آئی ایس ایس سی آر میرٹ ایبسٹریکٹ ایوارڈ‘ اور ’آئی ایس ایس سی آر ٹریول ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔
جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق اس عالمی کانفرنس میں پوری دنیا سے 2200 افراد نے شرکت کی جبکہ ایک ہزار افراد آن لائن شریک ہوئے۔
Comments are closed.