پاکستانی کرکٹرز نے اولمپکس میں جیویلن تھرو ایونٹ کے فائنل میں کوالیفائی کرنے والے ارشد ندیم کو مبارکباد دی اور ان کے لیےحوصلہ افزا پیغامات دیے۔
خیال رہے کہ ارشد ندیم نے اولمپکس میں جیویلن تھرو کے ایونٹ میں فائنل کے لیے کوالیفائی کیا جہاں ان کا مقابلہ دنیا کے سرِ فہرست تھروورز سے ہوگا۔
جہاں ایک جانب پوری قوم کی جانب سے ارشد ندیم کے لیے تہنیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے وہیں قومی کرکٹرز نے بھی انھیں مبارکباد دی اور ان کے لیے حوصلہ افزائی کے پیغامات دیے۔
وہاب ریاض نے ارشد ندیم کو قوم کا جیویلن ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا۔
حسن علی نے لکھا کہ میاں چنوں سے تعلق رکھنے والے ہمارے ہیرو ارشد ندیم آپ کو مبارک ہو، انشااللہ آپ سرخ رو ہوں گے، ہماری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
عماد وسیم نے بھی کہا کہ آپ نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا، آپ کے لیے فائنل کے لیے نیک تمنائیں ہیں۔
کامران اکمل نے لکھا کہ آپ نے اپنی 86 اعشاریہ 16 میٹر کی تھرو کے ساتھ فائنل کے لیے کوالیفائی کیا، اس تھرو اور گروپ بی میں پہلی پوزیشن کے ساتھ آپ کو مبارکباد دیتے ہیں۔
دوسری جانب سابق کپتان وسیم اکرم اور شاہد آفریدی نے بھی ارشد ندیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وسیم اکرم نے کہا کہ ٹوکیو اولمپکس میں گوجرانوالہ اور میاں چنوں سے ایتھلیٹس نے پرفارم کیا، طلحہ طالب اور ارشد ندیم نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ طلحہ اور ارشد کی وسائل کی کمی کے باوجود پرفارمنس پاکستان میں ٹیلنٹ کا ثبوت ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ ارشد ندیم بہترین ایتھلیٹ ہیں، فائنل میں ارشد ندیم کے میڈل جیتنے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
Comments are closed.