جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

پاکستانی وزیر خارجہ کی مائیگریشن کمشنر ای یو سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کی یورپی یونین کی کمشنر برائے مائیگریشن اینڈ ہوم افیئرز یلوا جوہانسن سے ملاقات ہوئی جس میں افرادی قوت کی قانونی نقل مکانی سمیت دو طرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان کے نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے برسلز میں یورپی یونین کی کمشنر برائے مائیگریشن اینڈ ہوم افیئرز یلوا جوہانسن سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جہاں پہنچنے پر ای یو کمشنر نے وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کو خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ نے مائیگریشن کے حوالے سے منعقدہ اہم کانفرنس میں مدعو کرنے پر یورپی یونین کی کمشنر برائے مائیگریشن اینڈ ہوم افیئرز کا شکریہ ادا کیا۔

دوران ملاقات افرادی قوت کی قانونی نقل مکانی سمیت دو طرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار ہے۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس یورپی ممالک کو مہیا کرنے کےلیے بہترین افرادی قوت موجود ہے جبکہ پاکستان یورپی یونین کیساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

اس ملاقات میں یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کےلیے پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.