یورپین یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل اینریک مورا سے ملاقات کی ہے۔
یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس میں ہونے والی اس ملاقات میں سفیرِ پاکستان اور اینریک مورا نے پاکستان اور یورپین یونین کے درمیان تعلقات کی مجموعی صورتحال اور دیگر علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دو طرفہ تعاون تمام شعبوں میں بہتری کی جانب گامزن ہے۔
اس ملاقات میں ڈاکٹر اسد مجید خان نے پاک۔ای یو سیاسی، اقتصادی، ماحولیاتی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔
اس کے ساتھ ہی سفیر پاکستان نے دو طرفہ تجارت کے فروغ میں جی ایس پی پلس کے مثبت کردار کو بھی اُجاگر کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جی ایس پی پلس باہمی تعاون کا ایک ایسا بہترین نمونہ ہے جس میں فائدہ صرف ایک فریق کا نہیں بلکہ یہ دو طرفہ نفع بخش ثابت ہوا ہے۔
قبل ازیں جب سفیر پاکستان ایکسٹرنل ایکشن سروس پہنچے تو وہاں ڈپٹی سیکریٹری جنرل اینریک مورا نے ان کا خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر اینرک مورا کا کہنا تھا کہ یورپی یونین پاکستان کو ایک اہم شراکت دار سمجھتا ہے اور وہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ دوستانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔
Comments are closed.