یورپین کونسل کے صدر چارلس مشل سے یورپین یونین، بیلجیم اور لکسمبرگ کے لیے پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے ملاقات کی ہے۔
ڈاکٹر اسد مجید خان کے مطابق یہ ان کی یورپین کونسل کے صدر کے ساتھ پہلی ملاقات تھی۔
ملاقات میں پاکستانی سفیر نے کونسل صدر کو اپنی اسناد سفارت پیش کرنے کے علاوہ ان سے پاکستان میں آئے ہوئے سیلاب، اس آفت کے پاکستان کی وسیع آبادی پر اثرات اور ان سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
واضح رہے کہ 3 روز قبل یورپین کونسل کے صدر چارلس مشل نے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کو فون کر کے ان سے اس قدرتی آفت میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر اظہارِ ہمدردی کیا تھا۔
دوسری جانب یورپین کونسل کے صدر چارلس مشل سے ملاقات کے بعد ڈاکٹر اسد مجید خان نے اپنے مائیکرو بلاگنگ اکاؤنٹ ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ ’میں ایک مضبوط اور متحرک پاک یورپ شراکت داری کی تعمیر کے لیے اپنی پوری کوشش کرنے کے لیے پہلے سے زیادہ پر عزم ہوں‘۔
Comments are closed.