منگل8؍ذوالحجہ 1444ھ27؍جون 2023ء

پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ کی بیلجیئم میں پاکستانی صحافیوں سے تعارفی ملاقات

یورپین یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کے لئے پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ نے بیلجیئم میں موجود پاکستانی صحافیوں سے ملاقات کی۔

انہوں نے بطور سفیر تعارفی ملاقات میں کہا کہ صحافت اور صحافی حکومت اور کمیونٹی کے درمیان معلومات کی فراہمی کا پہلا ذریعہ ہوتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ یہ تعلق مزید مضبوط ہو۔

انہوں نے پاکستان و یورپین یونین اور پاکستان و بیلجیئم کے درمیان باہمی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلے ہی بہت اچھے ہیں لیکن میری کوشش ہوگی کہ مجھ سے پہلے تعینات سفراء نے کام کو جہاں چھوڑا ہے، میں اسے وہاں سے آگے لیجانے میں اپنا کردار ادا کروں۔

اس حوالے سے انہوں نے پاکستان کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کے حالیہ دورہ برسلز کا ذکر کیا جنہوں نے مختصر وقت میں یورپین قیادت سمیت یورپین پارلیمنٹ کی کلیدی کمیٹیوں کے اہم ممبران سے ملاقاتیں کیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ پیرس میں پاکستانی وزیر اعظم کی ملاقاتیں بہت مثبت رہیں اور یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین نے اپنی ملاقات کے حوالے سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹویٹر پر پاکستان کیلئے انتہائی مثبت جذبات کا اظہار کیا۔

سفیر پاکستان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ آج کی دنیا میں جیو پولیٹیکل پوزیشنیں اور مفادات بہت تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں۔ یہ لمحے مشکل بھی ہوتے ہیں لیکن انہی میں مواقع بھی چھپے ہوئے ہوتے ہیں۔

اس لیے ضروری ہے کہ ان تبدیلیوں پر نظر رکھتے ہوئے اپنے قومی مفادات کا تحفظ کیا جائے۔

انہوں نے ملاقات کے اختتام پر کوویڈ-19 سے لے کر مختلف حادثات میں ہلاک ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔

اس ملاقات کے موقع پر پریس قونصلر داؤد احتشام سمیت سفارت خانے کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.