آئرلینڈ ویمن کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ایمئیر رچرڈسن کا کہنا ہے کہ پاکستانی بولرز کو کھیلنا چیلنج ہوگا، ہم اس چیلنج کو قبول کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔
آئرش آل راونڈر نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ پاکستان کی اب تک کی اچھی بات یہ ہے کہ یہاں بارش نہیں ہوئی ہے اور ہمیں مکمل میچ کھیلنے کا موقع ملے گا۔
ایمئیر رچرڈسن نے کہا کہ پاکستان کا موسم آئرلینڈ سے مختلف ہے، بارشیں نہیں ہوتیں، مجھے امید ہے کہ ہم یہاں کی کنڈیشنز کے مطابق جلد عادی ہو جائیں گی۔
ایمئیر رچرڈسن نے کہا کہ ہمارے لیے اچھا موقع ہے کہ ہم گراؤنڈ میں زیادہ وقت گزاریں اور دھوپ سے لطف اندوز ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کنڈیشنز کے مطابق ہمارا فوکس لمبی پارٹنرشپ پر ہے، بولنگ اور بیٹنگ کے شعبے میں ہم پارٹنر شپ پر توجہ دے رہے ہیں، ہم جانتے ہیں کہ ان پچز پر لمبی بیٹنگ کرنے کی کیا اہمیت ہے۔
ایمئیر رچرڈسن نے تسلیم کیا کہ پاکستان کا رسٹ اسپنر اٹیک بہت اچھا ہے، پاکستان ٹیم کی اسپنرز کے پاس ورائٹی ہے۔
واضح رہے کہ آئرلینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیم 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے پاکستان کے دورے پر ہے، سیریز کا آغاز 4 نومبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔
Comments are closed.