راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے دن پاکستان کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیتنے کے بعد عبداللّٰہ شفیق اور امام الحق نے ٹیم کو سنچری شراکت کا آغاز فراہم کیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے امام الحق نے 84 بالز پر اپنی نصف سنچری مکمل کی ہے۔
اب سے کچھ دیر پہلے تک قومی ٹیم نے کھیل کے پہلے سیشن میں ایک وکٹ کے نقصان پر 105 رنز بنا لیے ہیں۔
عبداللّٰہ شفیق 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ امام الحق 57 رنز بنا کر اظہر علی کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں
پاکستان نے ٹیسٹ میچ میں اسکور بنانے کا آغاز عبداللّٰہ شفیق کے چوکے کی بدولت کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے امام الحق کے ایل بی ڈبلیو کی پر جوش اپیل کی جسے فیلڈ امپائر کی جانب سے مسترد کیا گیا۔
مہمان کپتان نے اپیل پر ری ویو لیا جسے تھرڈ امپائر نے بھی ٹیکنالوجی کی مدد سے مسترد کردیا اور یوں مہمان ٹیم اننگز میں دستیاب 3 میں سے 1 ری ویو سے ہاتھ دھو بیٹھی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 24 سال بعد کھیلی جانے والی ہوم ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا ٹاس جیتنے کے بعد کہنا تھا کہ اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے، ہم زیادہ رنز بنانے کی کوشش کریں گے، آخری دنوں میں پچ اسپنرز کے لیے سازگار ہو سکتی ہے۔
پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں امام الحق ، عبداللہ شفیق، اظہر علی ،فواد عالم ، محمد رضوان افتخار احمد، نعمان علی، ساجد خان، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں،
دوسری جانب مہمان ٹیم آسٹریلیا کی قیادت پیٹ کمنز کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر ، مارنس لے بوشین، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین ، ایلکس کیری، مچل اسٹارک، نیتھن لیون اورجوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔
میچ شروع ہونے سے قبل چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان کرکٹ بورڈ فیصل حسنین نے آسٹریلوی کرکٹ بورڈ میں اپنے منصب نک ہاکلے کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا آج اہم دن ہے، پاکستان آسٹریلیا کرکٹ سیریز کرکٹ سے بڑھ کر ہے۔
پی سی بی چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین نے کہا کہ فخر ہے میرے ساتھ کرکٹ آسٹریلیا کے عہدیداران بیٹھے ہیں۔
فیصل حسنین نے کہا کہ آسٹریلیا کے دورۂ پاکستان پر شکر گزار ہیں، پاکستانی عوام کی جانب سے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، حالیہ سیریز سے دنیا کو مثبت اور مضبوط پیغام جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانی کرکٹ مداحوں نے آسٹریلوی ٹیم کو دیکھنے کےلئے24 سال انتظار کیا ہے۔
واضح رہے کہ این سی او سی کے فیصلے کے مطابق 100 فیصد تماشائیوں کو پنڈی اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی، پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب تمام آن لائن ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں۔
Comments are closed.