اسلام آباد: تحریک آزادی کشمیر کے عظیم رہنماء سید علی گیلانی کا غائبانہ نماز جنازہ پاکستان بھر میں اور آزادکشمیر کے تمام ڈویژنل و ضلعی سطح پر ادا کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سبزہ زار میں سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں صدر پاکستان عارف علوی، صدرآزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی، چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی ، ارکان پارلیمنٹ اور حریت قیادت نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے بھی تمام ڈویژن میں سید علی گیلانی کی غائبانہ نمازجنازہ ادا کی گئی، مظفرآباد، میرپور، کوٹلی، بھمبر، راولاکوٹ، سدھنوتی، باغ، حویلی، نیلم اور جہلم ویلی میں بھی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی، ممبران اسمبلی، حریت کانفرنس کے رہنماؤں اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر سید علی گیلانی کے بلندی درجات او رمقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور سید علی گیلانی کے انتقال پر دکھ اور رنج کا اظہا ر کیا گیا۔ مرحوم رہنما کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے لازوال قربانیوں اور گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
حکومت آزاد کشمیر نے رہنما حریت کانفرنس سید علی گیلانی کی وفات پر آزاد کشمیر بھر میں عام تعطیل کی گئی، ریاستی پرچم سرنگوں رہا اور حکومت آزادکشمیر کی جانب سے سید علی گیلانی کی وفات پر 3 روزہ سوگ منانے کا اعلان کیا۔
علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر جماعت اسلامی کے زیراہتمام دیگر شہروں میں بھی علی گیلانی کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا گئی جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ امیر جماعت اسلامی نے منصورہ میں نماز جنازہ پڑھائی۔
نماز جنازہ میں نائب امیر لیاقت بلوچ اور سیکرٹری جنرل امیر العظیم، اسد اللہ بھٹو، ڈاکٹر فرید پراچہ، امیر جماعت اسلامی جنوبی وسطی پنجاب جاوید قصوری، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، نائب قیمین وقاص جعفری، محمد اصغر، اظہر اقبال حسن، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد، مذہبی و سیاسی شخصیات، اساتذہ، نامور صحافیوں اور دیگر طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے پاکستانیوں کے ہر دلعزیز کشمیری رہنما کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔
اس موقع پر مرحوم کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا گیا اور دعائیں کی گئیں کہ اللہ تعالیٰ سید علی گیلانی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے اور ان کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے خدمات کو شرف قبولیت بخشے۔ اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ سید علی گیلانی کے مشن کی تکمیل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
Comments are closed.