جنوبی کوریا میں شائقین نے غلطی سے بیش قیمت فن پارے پر فنکاری کر ڈالی
حادثے کے بعد یہاں ہاتھ نہ لگانے کی ہدایات درج کی گئی ہیں
جنوبی کوریا کی ایک نمائش میں رکھا گیا ایک فن پارہ ایک جوڑے کے ہاتھوں حادثاتی طور پر خراب ہو گیا۔
ایسا اس وقت ہوا جب ایک سیاح جوڑے نے یہ سمجھ کر وہاں پڑے پینٹ اور برش سے فن پارے پر اپنی طبع آزائی کر ڈالی جب انھیں لگا کہ یہ سب سیاحوں کے لیے رکھا گیا ہے۔
سیئول میں اس فن پارے کی نمائش کے سربراہ نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ جوڑے نے سمجھا کہ شاید انھیں اس فن پارے میں شرکت کی اجازت ہے اور انھوں نے یہ غلطی کر دی۔
عملے نے جب پینٹنگ پر تازہ برش اسٹورکس دیکھے اور سی سی ٹی وی کی جانچ کی جس سے علم ہوا کہ ایک نوجوان جوڑے نے غلطی طورسے ایسا کر دیا ہے۔
اس بے نام فن پارے کی اندازاً قیمت پانچ لاکھ ڈالر کے قریب تھی۔
یہ بھی پڑھیے
اس فن پارے کو امریکی گرافی فنکار جان ون نے سن 2016 میں سیئول کے شائقین کے سامنے تخلیق کیا تھا۔
جس کے بعد سے اس فن پارے کو کئی مقامات پر نمائش کے لیے پیش کیا گیا جس کے ساتھ ساتھ پینٹ اور برشز رکھے جاتے تھے اور وہاں براہ راست فن کے مظاہرے کیے جاتے تھے اور یہ اس فن پارے کے ساتھ گویا لازمی سرگرمی سمجھی جاتی تھی۔
جوڑے نے فن پارے پر یہ سیاہ نشان لگائے
اس نمائش کے سربراہ کانگ ووک کا کہنا تھا ’ہم اس کے خالق کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں کہ آیا اسے دوبارہ بحال کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔
پولیس نے اس جوڑے کو تلاش کرنے کے بعد ان سے پوچھ کی ہے تاہم منتظمین نے ان کے خلاف مقدمہ نہ درج کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد انھیں چھوڑ دیا گیا۔
اس حادثے کے بعد گیلری نے فن پارے اور شائقین کے درمیان ایک حفاظتی باڑ لگا دی ہے جس پر ’نہ چھونے‘ کی ہدایات درج کی گئی ہیں۔
Comments are closed.