پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف دے دیا۔
راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، لیکن بابر اور رضوان کی اوپنگ جوڑی کو جلد آؤٹ کرنے میں ناکام رہے۔
دونوں نے پہلی وکٹ پر 51 رنز بنائے جہاں 19 رنز بنانے والے بابر اعظم آؤٹ ہوگئے۔
بابر کے آؤٹ ہونے کے بعد پہلے محمد حارث اور پھر اسکے بعد صائم ایوب آؤٹ ہوگئے، دونوں نے کوئی اسکور نہیں بنایا۔
ایسے میں افتخار احمد نے محمد رضوان کا ساتھ دیا، دونوں کے درمیان 71 رنز کی پارٹنرشپ لگی جس نے ٹیم کو بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن کیا۔
افتخار احمد 36 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی کر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد رضوان کا ساتھ عماد وسیم نے دیا اور ان دونوں کے درمیان 68 رنز کی برق رفتار پارٹنرشپ بنی جس نے اسکور کو 193 تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
عماد وسیم 14 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیل کر آخری اوور میں سنگل رن لیتے ہوئے رن آؤٹ ہوگئے۔
محمد رضوان کو آخری گیند پر اپنی سنچری بنانے کا موقع ملا جو انہوں نے ضائع کردیا، رضوان 98 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے بلیئر ٹکنر تین وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ اش سوڈھی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ 190 رنز کا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں جہاں زمان خان اور فخر زمان کی جگہ پر احسان اللّٰہ اور محمد حارث کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
مہمان ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ اس پچ پر ہدف حاصل کرنا آسان ہوگا، ہم سیریز میں واپس آگئے تھے، پچھلا میچ بارش کی نذر ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ انکی ٹیم میں بھی دو تبدیلیاں کی گئی ہیں جہاں کول میک کونچی اور میٹ ہینری کو ڈراپ کرکے جمی نیشم اور بلیئر ٹکنر کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کی ٹیم کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، صائم ایوب، محمد حارث، افتخار احمد، عماد وسیم، شاداب خان، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور احسان اللّٰہ پر مشتمل ہے۔
نیوزی لینڈ کے ٹیم میں کپتان ٹام لیتھم، چیڈ بوس، ول ینگ، ڈیرل مچل، مارک چیپمین، جمی نیشم، رچن رویندرا، ایڈم ملن، بلیئر ٹکنر، اش سوڈھی اور ہینری شپلے شامل ہیں۔
Comments are closed.