جمعرات 15؍رمضان المبارک 1444ھ 6؍اپریل 2023ء

پارلیمنٹ کے احاطے میں مقررہ اجرت پر عمل نہیں ہو رہا: آغا رفیع اللّٰہ

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وقفۂ سوالات میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے پارلیمانی سیکریٹری آغا رفیع اللّٰہ نے کہا کہ حکومت نے 25 ہزار روپے کم سے کم اجرت مقرر کر رکھی ہے، مگر پارلیمنٹ کے کیفے ٹیریا میں ملازمین کو 18 ہزار روپے ماہانہ اجرت مل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اپنے احاطے میں مقررہ اجرت پر عمل نہیں کرا رہی، تو ملک کے دور دراز علاقوں میں کیا حال ہو گا؟

اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے فنانس کمیٹی کو تمام اداروں میں 25 ہزار اجرت پر عمل درآمد کی رپورٹ لینے کے لیے رولنگ دے دی۔

مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے رکنِ قومی اسمبلی روحیل اصغر کی بات پر اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے شعر کے انداز میں جواب دیا جس سے ایوان قہقہوں سے گونج اٹھا۔

اس موقع پر مولانا عبدالاکبر چترالی نے بھی توجہ دلائی کہ اسلام آباد کے ماڈل کالجز میں ایم فل اساتذہ کو 20 ہزار روپے تنخواہ دی جا رہی ہے، یہ تعلیم کی تذلیل ہے۔

وزارتِ خزانہ کی جانب سے سوال کا جواب نہ دیئے جانے پر اسپیکر نے اظہار برہمی کیا۔

رکنِ اسمبلی صلاح الدین نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی حکومت کے حاصل قرضے کے استعمال کی تفصیلات کیا ہیں؟

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سوال کا جواب دیا جانا لازمی ہے، اب یہ قابلِ قبول نہیں ہو گا کہ سوال کا جواب نہ دیا جائے، جواب نہ دینے کی وجہ بیان کرنی ہو گی، ہدایت پر عمل نہ ہوا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

جس کے بعد اسپیکر نے سوال کا جواب نہ دینے کا معاملہ استحقاق کمیٹی کے حوالے کر دیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.