سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ اس ملک میں سب سے زیادہ ضروری اور معتبر پارلیمنٹ ہے، اس سے کوئی سپریم نہیں اور اسے کوئی ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا۔
حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کے لیے غیر آئینی اور غیر قانونی طور پر راہ ہموار کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ جس طرح اسمبلیوں کو تحلیل کیا گیا وہ اوپن اینڈ شٹ کیس تھا، اسمبلیوں کو توڑنے والوں کو عبرتناک سزا ملنی چاہیے، جنہوں نے آئین کو اغوا کیا انہیں سزا دینا پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ کیا وجہ ہے کہ اس کو ڈھیل دی جا رہی ہے، ہم توقع کر رہے ہیں کہ اس پر سزا کا اعلان کیا جائے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ افہام و تفہیم کے ساتھ مسائل حل ہوں، آپ کا جو کام نہیں ہے وہ کام آپ نہ کریں، یہ آپ کا کام نہیں کہ کہیں کہ آپ لوگ مذاکرات کریں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ مجھے آئین کی وہ شق بتا دیں جس میں ہو کہ آپ آپس میں مذاکرات کریں، آپ کیسے کہہ سکتے ہیں فلاں جماعت کے ساتھ بات کریں،یہ قابل قبول نہیں۔
Comments are closed.