ٹی 20 ورلڈکپ 2021 کے سپر 12 مرحلے کا ایک میچ بھارت اور نمیبیا کے درمیان باقی ہے، اس کے باوجود ایونٹ میں اگر مگر کا سلسلہ ختم ہوگیا۔
بھارت کے لیے ٹی20 ورلڈکپ میں 2 بڑے میچز کی شکست کے باوجود اگر مگر کی صورتحال میں امید کی کرن موجود تھی۔
نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر بھارتی امیدوں کے تمام چراغ گل کردیے اور بھارتی سورماؤں کا دہلی کا ٹکٹ پکا کروادیا۔
کرکٹ کی بہترین ٹیموں شمار کی جانے والی بھارتی ٹیم کا جیسے ہی اپنی کارکردگی سے زیادہ افغان ٹیم کی پرفارمنس پر انحصار بڑھا، اس کا ایونٹ سے باہر جانے کا ٹکٹ اسی وقت کٹ گیا تھا۔
تاہم آج کی نیوزی لینڈ کی فتح کے ساتھ ہی کرکٹ پنڈتوں کی اگر مگر کی تکرار کا خاتمہ ہوگیا اور ساتھ ہی بھارتی شائقین کی امیدیں بھی مایوسی میں ڈھل گئیں۔
گروپ 1 سے انگلینڈ اور آسٹریلیا اور گروپ 2 سے پاکستان اور نیوزی لینڈ نے فائنل 4 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
گروپ 1 سے انگلش ٹیم 5 میں سے 4 میچز میں فاتح رہی، اس کے 8 پوائنٹ ہیں، اتنے ہی پوائنٹس آسٹریلیا کے بھی ہیں تاہم وہ نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر اپنے گروپ میں دوسرے نمبر پر ہے۔
گروپ 2 میں پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے میچ سے قبل نیوزی لینڈ 5 میچز کھیل کر 8 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے، پاکستان 4 میں سے 4 میچز جیت کر 8 پوائنٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے تاہم یہ ممکنہ طور پر اسکاٹ لینڈ کیخلاف میچ جیت کر پہلے نمبر پر چلا جائے گا۔
پاکستان کی اسکاٹ لینڈ کی فتح کے بعد اب ٹی 20 ورلڈکپ سیمی فائنلز میں نیوزی لینڈ 10 نومبر کو ابوظبی میں انگلش ٹیم کا مقابلہ کرے گی اور پاکستان 11 نومبر کو آسٹریلیا کے ساتھ دبئی میں پنچہ آزمائی کرے گا۔
ایونٹ کا فائنل اتوار 14 نومبر کو دبئی میں پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے کھیلا جائے گا۔
Comments are closed.