ہفتہ2؍ربیع الثانی 1444ھ29؍اکتوبر 2022ء

ٹی 20 ورلڈ کپ: گروپ 2 کے کل تینوں میچز پاکستان کیلئے اہم

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں کل گروپ ٹو کے 2 اور میچز بھی ہوں گے جس میں زمبابوے کا مقابلہ بنگلادیش سے ہوگا جبکہ ایک اور اہم میچ بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

برسبین میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8 بجے بنگلادیش اور زمبابوے کے درمیان میچ ہوگا، جو پاکستانی ٹیم کے نقطہ نظر سے اہم ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ میں زمبابوے سے شکست کھانے کے بعد اب ٹیم پاکستان کو ایونٹ کے ایک اور کوالیفائر نیدرلینڈز کے خلاف چیلنج درپیش ہے۔

اگر زمبابوے کی ٹیم بنگلادیش کو شکست دیتی ہے تو یہ نتیجہ گرین شرٹس کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے، کیونکہ زمبابوے کی ٹیم کے اس وقت 3 پوائنٹس ہیں۔

اگر وہ بنگلادیش کے بعد نیدرلینڈز کو بھی ہرانے میں کامیاب ہوگئی تو اُس کے مجموعی طور پر 7 پوائنٹس ہوجائیں گے، یوں پاکستانی ٹیم اپنے تینوں میچز جیتنے اور بھارت سے جنوبی افریقا کی شکست کے باوجود سیمی فائنل میں رسائی سے محروم ہوسکتی ہے۔

پرتھ میں پریکٹس کے بعد بھارتی کرکٹرز اسٹیڈیم سے پیدل ہی ہوٹل کے لیے روانہ ہوگئے۔

گروپ ٹو کا ایک اور میچ جس پر پاکستانی ٹیم اور پاکستانی شائقین کی نظریں ہوں گی، وہ بھارت بمقابلہ جنوبی افریقا ہے، جو پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے کھیلا جائے گا۔

اس میچ میں اگر بھارت نہ جیتا تو پاکستان ٹیم کے سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات معدوم ہوجائیں گے، میچ بارش کی نذر ہونے سے بھی پاکستان کی مشکلات بڑھ جائیں گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.