آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے گروپ 2 میں نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کی آدھی ٹیم 70 رنز پر پویلین لوٹ گئی ہے۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
نیوزی لینڈ کے بولرز نے بھی نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے بھارتی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے نہ دیا اور وقفے وفقے کے ساتھ وکٹیں لیتے رہے۔
ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ایشان کشن اوپنر آئے اور 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ کے ایل راہول صرف 18 رنز بنا سکے۔
روہیت شرما کے بلے نے رنز اگلنا شروع کیے ہی تھے کہ وہ 14 رنز بنا کر ایش سوڈھی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
بھارت کو چوتھا نقصان کپتان اور صف اول کے بیٹسمین ویرات کوہلی کی صورت میں ہوا جو بڑا شاٹ لگانے کی کوشش کرتے ہوئے باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے، انہوں نے صرف 9 رنز بنائے تھے۔
جارح مزاج ریشبھ پنت بھی زیادہ نہ چل سکے اور 12 رنز بنا کر ایڈم ملن کی گیند پر کیلن بولڈ ہوگئے، جس کے ساتھ ہی آدھی بھارتی ٹیم صرف 70 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئی۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کا ایونٹ میں یہ دوسرا میچ ہے اور دونوں ہی اپنے پہلے میچز میں پاکستان کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوچکی ہیں۔
بھارتی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں جہاں سوریا کمار یادیو کی جگہ پر ایشان کشن اور بھونیشور کمار کی جگہ پر شردل ٹھاکر کو شامل کیا گیا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی ہے جہاں ٹم سیفرٹ کی جگہ پر ایڈم ملن فائنل الیون کا حصہ بنے۔
Comments are closed.