ٹی ٹین لیگ میں فکسنگ کی کوشش پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 8 افراد کو چارج کردیا۔
ان 8 افراد میں ٹیم کے مالکان، کوچز اور کھلاڑی شامل ہیں جنہیں عبوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے آئی سی سی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان افراد نے ابوظہبی ٹی ٹین لیگ 2021 میں میچز فکس کرنے کی کوشش کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق ٹیم مالکان کرشن کمار چوہدری اور پراگ سانگہوی، بیٹنگ کوچ اشعر زیدی، ٹیم منیجر شاداب احمد، اسسٹنٹ کوچ سنی ڈلہون کو عبوری طور پر معطل کیا گیا ہے جبکہ بنگلادیشی کرکٹر ناصر حسین کے علاوہ کرکٹرز رضوان جاوید اور سالیہ سمن کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔
آئی سی سی ایکشن کا سامنا کرنے والے تمام افراد ہونے ڈیولز اسکواڈ سے تعلق رکھتے ہیں جنہیں 14 روز میں الزامات کے جواب دائر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کرشن کمار چوہدری پر کرپشن کی کوشش رپورٹ نہ کرنے، تحقیقات میں تعاون نہ کرنے اور رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام ہے۔
آئی سی سی کے مطابق پراگ سانگہوی پر میچز کے نتائج پر جوا کھیلنا اور تحقیقات میں عدم تعاون کا الزام ہے جبکہ اشعر زیدی پر فکسنگ میں شمولیت اور اس پر اکسانے سمیت 3 الزامات ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ناصر حسین پر 700 ڈالرز کی مالیت کا تحفہ رپورٹ نہ کرنے کا الزام ہے جبکہ رضوان جاوید، سالیہ سمن اور سنی ڈھلوں پر بھی فکسنگ اور آفر رپورٹ نہ کرنے کے الزامات ہیں۔
Comments are closed.