ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ٹو کے میچ میں جنوبی افریقا نے بنگلادیش کو جیت کے لیے 206 رنز کا ہدف دے دیا۔
سڈنی میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ جنوبی افریقا کے کپتان کے لئے اچھا ثابت نہ ہوا اور وہ خود ہی پہلے اوور میں 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے رائیلی روسو نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے بنگلادیشی بولرز کی لائن بگاڑدی اور ورلڈ کپ 2022ء کی پہلی سنچری بنا ڈالی۔
انہوں نے 56 گیندوں پر 109 رنز کی تیز اننگز کھیلی جب کہ اوپنر کوئنٹن ڈی کوک 63 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
میچ کے دوران کوئنٹن ڈی کوک اور رائیلی روسو نے 163 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی دوسری بڑی شراکت ہے۔
جنوبی افریقا نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 205 رنز بنائے۔ بنگلادیشی بولر شکیب الحسن نے 2 جبکہ عفیف حسین، حسن محمود اور تسکین احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان میچ سڈنی میں کھیلا جارہا ہے۔ شکیب الحسن بنگلادیش جبکہ ٹیمبا باوما جنوبی افریقا کی قیادت کررہے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آج دوسرے میچ میں بھارت اور نیدرلینڈز کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 4 بجے پاکستان اور زمبابوے کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔
Comments are closed.