ٹی 20 ورلڈکپ سپر 12 کے چوتھے میچ پاکستان اور بھارت مدِ مقابل ہیں جہاں پاکستانی بولرز نے 6 کے اسکور پر 2 بھارتی بیٹسمنوں کو پویلین بھیج کر میچ میں اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔
پہلے اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے بھارتی اوپنر روہیت شرما کو صفر پر میدان بدر کیا تو اننگز کے تیسرے اوور کی پہلی گیند پر شاہین نے دوسرے بھارتی اوپنر کے ایل راہول کو بولڈ کردیا۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم پر کرکٹ کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارتی ٹیم مشکل کا شکار ہوگئی ہے اس کی اوپننگ جوڑی 6 کے اسکور پر میدان چھوڑ گئی ہے۔
بھارت نے 5 اوورز میں 2 وکٹ پر 30 رنز بنالئے ہیں،کپتان ویرات کوہلی 15 اور سوریا کمار 11 رنز پر کھیل رہے ہیں، شاہین شاہ آفریدی نے 3 اوورز میں 19 رنز کے عوض 2 وکٹیں لی ہیں جبکہ عماد وسیم نے 2 اوورز میں 10 رنز دیے جبکہ انہیں کوئی کامیابی نہیں ملی ہے۔
اس سے قبل پاکستانی کپتان بابراعظم نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان نے ایک رنز پر بھارت کی پہلی وکٹ گرائی جہاں روہیت شرما بغیر کوئی رن بنائے شاہین آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
بابراعظم نے ٹاس جینے کے بعد اپنے فیلڈنگ کرنے کے فیصلے سے متعلق کہا کہ میچ میں ڈیو فیکٹر اثر کرے گا، اس لیے ہم نے ہدف کے تعاقب کا فیصلہ کیا ہے۔
اس موقع پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے کہا کہ ہم ٹاس جیتے تو پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کرتے، ہماری ٹیم متوازن ہے اور مقابلے کے لیے کافی ہے۔
میچ میں پاکستان کی طرف سے بابراعظم، محمد رضوان، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی میدان میں اترے ہیں۔
بھارت کی طرف سے کے ایل راہول، روہیت شرما، ویرات کوہلی، سوریا کمار یادیو، رشبھ پنت، ہردیک پانڈیا، رویندرا جدیجا، بھنشور کمار، ورن چکرورتی، محمد شامی اور جسپرت بھمرا ٹیم میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ یہ پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ 9واں ٹی 20 میچ ہے۔
ماضی کی بات کی جائے تو دونوں روایتی حریفوں کے درمیان 8 ٹی 20 میچز ہوچکے ہیں، ان میں 6 مرتبہ بھارت فاتح رہا جبکہ پاکستان نے اسے ایک بار شکست سے دو چار کیا ہے جبکہ ایک میچ ٹائی ہوا ہے۔
دونوں ٹیموں کے کپتانوں میں تجربے اور جوش کا بڑا امتحان ہے، ویرات کوہلی چوتھی بار ورلڈکپ کھیل رہے ہیں جبکہ بابر اعظم کا یہ پہلا ورلڈ کپ ہے اور اسی میں کپتان بھی ہیں۔
دونوں کپتانوں میں کئی باتیں مشترک، دونوں بیٹسمین، دونوں جارح مزاج ہیں، دونوں ہی ہدف کا تعاقب کرنا پسند کرتے ہیں، دونوں میچ ونر اور اپنی اپنی عوام کی آنکھوں کے تارے ہیں۔
Comments are closed.