کالعدم ٹی ایل پی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کروانے والے مفتی منیب نے کہا ہے کہ وفاقی وزراء کی جانب سے یہ کہنا کہ ٹی ایل پی کا مطالبہ ہے کہ فرانسیسی سفیر کو نکال دیں اور فرانسیسی سفارت خانہ بند کردیں ، یہ بات سراسر جھوٹ تھی۔
کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ معاہدے میں کیا طے پایا، عمل سے سب سامنے آجائے گا، معاہدے کی تعمیل شروع ہوچکی، اس سے ہمیں آگاہ کیا جارہا ہے، ابھی تک علامات یہی ہیں کہ اس معاہدے پر عمل کیا جائے گا۔
مفتی منیب نے کہا کہ سڑکیں کھل گئیں، کارکنان پارک میں منتقل ہوچکے ہیں، جلد آپ سنیں گے کہ کارکنان پارک سے بھی دھرنا ختم کرکے چلے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تمام شہداء کے لیے دعا کرتے ہیں چاہے وہ سیکیورٹی سے ہی کیوں نہ ہوں، ریاست کی گولیاں دشمن کو مارنے کے لیے ہوتی ہیں اپنوں کو مارنے کے لیے نہیں۔
مفتی منیب نے کہا کہ لبرلز کو پریشانی شروع ہوجائے تو سمجھ لیں کوئی نہ کوئی صحیح کام ہورہا ہے، آپ جلد تحریک لبیک پاکستان کو قانونی آئینی جماعت کے طور پر دیکھیں گے، کچھ لبرل حکومت کو جوش دلارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پر برا وقت آیا تو سب سے پہلے لبرلز حکومت کو چھوڑ جائیں گے، ہم اس ملک کے سب سے زیادہ وفادار ہیں، ہمیں کسی کےسرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔
Comments are closed.