امریکی ریاست ٹیکساس میں عید الفطر انتہائی مذہبی جوش اور جذبہ کے ساتھ منائی گئی۔ ہیوسٹن اور ڈیلس سمیت ریاست کے دیگر شہروں میں بھی نماز عید کے اجتماعات منعقد کئے گئے جبکہ مساجد اور دیگر مقامات پر نماز عید کا اہتمام کیا گیا۔
ہیوسٹن میں عید الفطر کی نماز کا سب سے بڑا اجتماع اسلامک سوسائٹی آف گریٹر ہیوسٹن کے زیر اہتمام اسٹیفرڈ سوک سینٹر میں منعقد ہوا۔ اس اجتماع میں 5 ہزار سے زائد مسلمانوں نے شرکت کی، نماز کی امامت ممتاز عالم دین بشیر مولائی نے کی۔
اس کے علاوہ ڈیلس میں بھی کئی مساجد میں نماز عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔ کیرالٹن کی مدینہ مسجد، ایپک ارونگ، مسجد ویلی رینچ ، دارالیمان آرلنگٹن اور دیگر مساجد میں نماز عید میں مرد، خواتین اور بچے بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر علماء کرام نے اپنے خطبہ میں اتحاد بین المسلمین پر زور دیا جبکہ مسلمانوں کی سلامتی اور ظلم سے نجات سمیت پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔
عید کی نماز کے بعد لوگوں نے گلے مل کر ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد دی۔
ریاست ٹیکساس میں تمام سرکاری و نجی اداروں سمیت تعلیمی اداروں میں مسلمان ملازمین اور طلبہ کو عام تعطیل کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔
Comments are closed.