امریکی ریاست ٹیکساس کی اسمبلی کے پاکستانی نژاد امریکی رکن ڈاکٹر سلیمان لالانی نے پوری ریاست کے تمام اسکولوں میں مسلمان طلبہ کو حلال فوڈ کی فراہمی کیلئے ٹیکساس اسمبلی میں بل متعارف کرایا ہے۔
بل کی منظوری کی صورت میں ریاست کے تمام اسکولوں میں مسلمان طلبہ کیلئے ناشتے اور لنچ میں حلال فوڈ کی فراہمی یقینی ہوجائے گی۔
ہیوسٹن میں پاکستانی امریکی میڈیا کے اعزاز میں دیے گئے عصرانہ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سلیمان لالانی کا کہنا تھا کہ وہ جلد ہی مسلم یوتھ کانفرنس کا انعقاد بھی کریں گے تاکہ مسلمان طلبہ میں امریکی سیاست میں شرکت کی اہمیت کے شعور کو اجاگر کیا جاسکے۔
اس موقع پر ڈاکٹر لالانی کا کہنا تھا کہ ریاست ٹیکساس اسمبلی کے پہلے سیشن میں انہوں نے 117 بل پیش کیے جس میں 22 بل اپر اور لوئر ہاؤس سے اب تک پاس ہوچکے ہیں اور 18 پر گورنر نے دستخط بھی کردیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل انہوں نے جو وعدے کیے ان کو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو امریکی سیاست میں آگے آنے کی ضرورت ہے اور ہم اس کے لیے خواہشمند نوجوانوں کو تربیت کے مواقع فراہم کریں گے۔
Comments are closed.