
پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسپنر اُسامہ میر کا کہنا ہے کہ جیت کا کریڈٹ ساری ٹیم کو جاتا ہے، ٹیم میں زبردست ماحول بنا ہوا ہے، ہر کوئی انجوائے کررہا ہے، ٹیم کیلئے اچھی پرفارمنس دینا ہر کسی کا خواب ہوتا ہے.
کراچی میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے میچ میں قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے اسپنر اسامہ میر نے کہا کہ اچھی کرکٹ کھیل کر سیریز میں پانچ صفر کی کوشش کریں گے، نتیجہ اللّٰہ کے ہاتھ میں ہے۔
اسامہ میر کا کہنا تھا کہ ٹیم نے ایسا اعتماد دیا ہے کہ خود کو ہر چیز کیلئے تیار محسوس کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کافی محنت کی تھی، خود پر اعتماد تھا اور پھر جو اعتماد کپتان نے دیا اس کو لے کر میدان میں اترا تھا، کوشش کی کہ صورتحال کے مطابق بولنگ کروں جس کی وجہ سے کامیابی ملی۔
اسامہ کا کہنا تھا کہ ٹیم میں زبردست ماحول بنا ہوا ہے، ہر کوئی انجوائے کررہا ہے، ہر کسی کو موقع مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نمبر ون ٹیم کا حصہ بننا میرے لیے خواب سے کم نہیں ہے، اس لمحے اپنے احساسات بتانے کیلئے الفاظ نہیں، بطور اسپورٹس مین اس سے زیادہ میں اور کچھ نہیں چاہ سکتا۔
اسامہ میر نے کہنا تھا کہ ٹیم انتظامیہ نے ہر پلیئر کا ایک جیسا چیمپئن مائنڈ سیٹ بنایا اور ورلڈ کپ اور ایشیا کپ سے قبل کھلاڑیوں کو تیار کیا جا رہا ہے، چیمپئن مائنڈ سیٹ کیلئے اتحاد بہت ضروری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم کا اتحاد کافی مثالی ہے، ہر کوئی ایک دوسرے کی پرفارمنس پر خوش ہوتا ہے، ٹیم کا ہر ممبر دوسرے ممبر کو بیک کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف 5 میچوں کی ہوم سیریز کے چوتھے ون ڈے میں جیت کے ساتھ ہی پاکستان ٹیم دنیائے کرکٹ کی نمبر ون بن گئی ہے۔
Comments are closed.