راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق نے جنوبی افریقا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم میں تبدیلیوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی ٹیسٹ میں ٹیم نے مشکل صورتحال سے فائٹ کیا لیکن پچ کو دیکھتے ہوئے اگر ضرورت پڑی تو راولپنڈی ٹیسٹ میں تبدیلی کریں گے، راولپنڈی ٹیسٹ کی فائنل الیون کا اعلان آخری دن کریں گے،محمد حفیظ کی فارم بہت اچھی ہے، ٹیم میں نہ ہونا فرق ڈالے گا، کوشش ہے ہر کھلاڑی کو مکمل موقع دیا جائے۔ پیر کوراولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کراچی ٹیسٹ میں ٹیم نے مشکل صورت حال میں فائٹ کیا، راولپنڈی میں کنڈیشنز تھوڑی تبدیل ہوں گی، کوشش یہی ہوگی کہ غلطیوں کونہ دوہرائیں، جنوبی افریقا بہترین ٹیم ہے اور فائٹ بیک کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش یہی ہوگی راولپنڈی ٹیسٹ جیت کر سیریز جیتیں، نیوزی لینڈ سیریز ہارنے کے بعد جو باتیں ہورہی ہیں اس سے غرض نہیں، پوری توجہ ٹیسٹ میچ پر ہے، حارث رئوف بہت اچھی بولنگ کر رہے ہیں، فرسٹ کلاس میں راولپنڈی کی پچ کافی گرین ہوتی ہے، راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے پچ جو بن رہی اسے دھوپ لگ رہی ہے۔ہیڈکوچ کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ میچ سے ایک دن قبل تک لگ رہا ہے پچ کافی ڈرائی ہو جائے گی، کراچی ٹیسٹ میں اسپن کو پاکستان نے اچھا کھیلا، راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے بھی یہی کوشش ہوگی، حسن علی کو ایک میچ میں جج کرنا زیادتی ہے۔ حسن کم بیک کر رہے ہیں اور ڈومیسٹک میں اچھا پرفارم کیا۔مصباح الحق کا مزید کہنا تھا کہ شاہین شاہ پر ہرگز پریشر نہیں ڈال رہے، محمد حفیظ کی فارم بہت اچھی ہے، ٹیم میں نہ ہونا فرق ڈالے گا، محمد حفیظ کو یاد کریں گے لیکن یہ کسی اور کے لیے بھی ایک موقع ہے، کوشش ہے ہر کھلاڑی کو مکمل موقع دیا جائے، تمام کھلاڑی تیار ہیں اگلے میچ میں اچھا پرفارم کریں گے۔
The post ٹیم میں تبدیلی پچ دیکھ کر کرینگے،مصباح الحق appeared first on Urdu News – Today News – Daily Jasarat News.
Comments are closed.