ہفتہ2؍ربیع الثانی 1444ھ29؍اکتوبر 2022ء

ٹیم سے باہر رہ کر جو محنت کی اسے جاری رکھونگی: جویریہ خان

پاکستانی ویمن کرکٹر جویریہ خان کا کہنا ہے کہ کوشش ہوگی کہ ٹیم سے باہر رہ کر جو محنت کی اس کو جاری رکھوں اور موقع سے فائدہ اٹھاؤں۔

خاتون کرکٹر نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں کہا کہ ملک کی نمائندگی کے لیے آپ کھیلتے ہیں اور جب آ پ کو موقع ملتا ہے تو اچھا لگتا ہے۔

جویریہ خان نے کہا کہ خوشی ہے کہ آئر لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے میرا کم بیک ہوا، گراؤنڈ میں دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا اچھا محسوس ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہتری کی گنجائش اس وقت بھی ہوتی ہے جب آپ اچھا کر رہے ہوں، ابھی مجھے وقت ملا تو میں نے مہارت کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کی ہے۔

جویریہ خان نے مزید کہا کہ خود کو دماغی طور پر بھی مضبوط بنانے کی کوشش کی ہے، امید ہے بہتری ہو گی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونے والی پاک آئرلینڈ ویمنز کرکٹ سیریز کےلیے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا گیا۔

جویریہ خان کا ماننا ہے کہ آئرلینڈ کی ٹیم ہو یا کوئی اور ہمیں پریشان نہیں ہونا بلکہ اپنے پوٹینشل کے مطابق کھیلنا ہے، ہمیں اپنا 100 فیصد دینے کی کوشش کرنی چاہیے، مدِمقابل خواہ کوئی بھی ٹیم ہو۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں دور کا نہیں سوچتی، میچ ٹو میچ سوچتی ہوں، ابھی میری آئر لینڈ کے خلاف سیریز میں واپسی ہوئی ہے، مجھے اسی پر فوکس کرنا ہے، یہی کوشش ہے کہ جو پوٹینشل ہے اس کے مطابق کھیلوں اور 100 فیصد دوں۔

34 سالہ جویریہ خان دائیں ہاتھ کی بیٹر ہیں اور آف بریک بولنگ بھی کرتی ہیں، وہ 116 ون ڈے جبکہ 105 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آئرلینڈ کی ویمن ٹیموں کے درمیان سیریز 4 سے 16 نومبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی جس کی تیاری کے لیے کیمپ لاہور میں جاری ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.