سندھ کے شہر ٹھٹھہ میں کیٹی بندر سمیت ساحلی پٹی میں موسم تبدیل ہو گیا، طوفانی ہوائیں چلنے لگیں اور بارش شروع ہو گئی۔
کیٹی بندر سمیت ساحلی پٹی پر طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش شروع ہو گئی ہے۔
چلنے والی تیز ہواؤں سے کیٹی بندر میں ماہی گیروں کی جھونپڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
اس سے قبل محکمۂ موسمیات نے بتایا تھا کہ ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن کی صورت میں مشرقی بحیرۂ عرب میں موجود ہے، کراچی سے یہ ڈپریشن اس وقت 340 کلو میٹر دور مشرق اور جنوب مشرق میں ہے، یہ ڈپریشن شدت اختیار کر کے سمندری طوفان بن سکتا ہے، بننے والے طوفان کا رخ شمال مغرب کی جانب رہے گا۔
محکمۂ موسمیات نے شاہین نامی طوفان کے باعث کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، میر پور خاص، تھر پارکر، عمر کوٹ، سانگھڑ اور دیگر اضلاع میں آج دوپہر یا شام سے 2 اکتوبر تک گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ طوفانی بارشیں سندھ میں کراچی، بدین، ٹھٹھہ، حیدرآباد، دادو اور بلوچستان میں لسبیلہ، سونمیانی، پسنی، گوادر، جیوانی میں اربن فلڈنگ کا باعث بن سکتی ہیں۔
محکمۂ موسمیات نے ساحلی علاقوں میں موجود ماہی گیروں کو اس دوران سمندر میں نہ جانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
Comments are closed.