بیلجیئم کے ایک ٹِک ٹاکر نے خاندان میں اپنی اہمیت جاننے کے لیے اپنی موت کا جھوٹا ڈرامہ رچا دیا۔
بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے ایک 45 سالہ ڈیوڈ بارٹن نے اپنے خاندان والوں کی نظر میں اپنی اہمیت کا اندازہ لگانے کے لیے اہلیہ اور بچوں کے ساتھ مل کر اپنی جھوٹی موت کا ڈرامہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس جھوٹے ڈرامے پر عمل کرتے ہوئے سب سے پہلے ان کے بیٹے نے اپنے والد کی موت کی خبر سب تک پہنچانے کے لیے ایک جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’خدا آپ کی روح کو سکون دے، میں آپ کے بارے میں سوچنا کبھی نہیں چھوڑوں گا‘۔
بیٹے نے والد سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’آپ ہماری یادوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے‘۔
ڈیوڈ بارٹن کے اہل خانہ نے گزشتہ ہفتے کے آخر میں لیج شہر کے قریب والد کی آخری رسومات کی ادائیگی کا اہتمام کیا جس میں سیاہ لباس میں ملبوس خاندان کے افراد اور بہت سے دوستوں نے شرکت کی۔
جب لوگ تمام آخری رسومات کے آغاز کا انتظار کر رہے تھے تو اچانک انہوں نے ایک ہیلی کاپٹر کو وہاں لینڈ کرتے ہوئے دیکھا جس میں سے ڈیوڈ بارٹن اپنے عملے کے ساتھ باہر آئے۔
جس کے بعد ٹِک ٹاکر کے خاندان کے افراد اور دوستوں نے اُنہیں دوڑ کر گلے لگایا۔
اس حوالے سے ڈیوڈ بارٹن نے میڈیا کو بتایا کہ میں نے اپنی موت کا ڈرامہ اس لیے رچایا کیونکہ مجھے لگتا تھا کہ میرے خاندان والے میری کبھی حوصلہ افزائی نہیں کرتے‘۔
اُنہوں نے کہا کہ ’میں اپنے خاندان میں جو کچھ دیکھتا اس سے اکثر مجھے تکلیف ہوتی، مجھے کبھی کوئی کسی تقریب میں آنے کی دعوت نہیں دیتا نہ مجھ سے ملنے کوئی آتا کیونکہ ہم سب نے اپنے خاندان سے بہت دور رہ کر پرورش پائی‘۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ’ میں نے اپنے خاندان والوں کو اس طرح زندگی کا سبق بھی دیا کہ جب تک کوئی انسان مر نہیں جاتا تب تک اس سے ملنے کے لیے کوئی نہیں آتا‘۔
ڈیوڈ بارٹن کا کہنا ہے کہ اُنہیں اب یہ یقین آگیا کہ لوگ ان کی پرواہ کرتے ہیں۔
Comments are closed.