ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کیلئے میڈل کی امید ایتھلیٹ ارشد ندیم کل جیولین تھرو مقابلوں کے فائنل میں ایکشن میں ہوں گے۔
پاکستانی وقت کے مطابق یہ ایونٹ شام 4 بجے شروع ہوگا۔
24 سالہ ارشد ندیم نے ساؤتھ ایشین گیمز میں شاندار پرفارمنس دکھاکر اولمپکس کے لئے براہ راست کوالیفائی کیا تھا۔
اولمپکس کیلئے فیلڈ پر آئے تو گروپ اسٹیج میں بھی ارشد ندیم نے دھوم مچادی، 85 اعشاریہ 16 میٹر کی تھرو کرکے ارشد ندیم نے اپنے گروپ میں پہلی اور مجموعی طور پر کوالیفائرز میں تیسری پوزیشن حاصل کی اور فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔
اب ان کی نظریں ہفتے کو ہونے والے فائنل پر ہیں، جس میں ٹاپ 12 جویلین تھروورز شریک ہوں گے۔
پہلے مرحلے میں تمام 12 ایتھلیٹس 3 ،3 بار نیزہ پھینکیں گے، جس کے بعد آخری کے 4 ایتھلیٹس میڈل کی دوڑ سے آؤٹ ہوجائیں گے جبکہ ٹاپ 8 کے درمیان مزید 3 ،3باری کا مقابلہ ہوگا۔
اگر فائنل میں شریک ایتھلیٹس کی اس سیزن کی کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو ارشد ندیم نے اس سیزن میں سب سے اچھی تھرو 86 اعشاریہ 38 میٹر کی تھی۔
ٹوکیو اولمپکس کے ٹاپ 12 میں صرف 3 کھلاڑیوں کی اس سیزن میں اب تک ارشد سے اچھی تھرو رہی ہیں، جن میں جوہانس ویٹر 96 اعشاریہ 29، نیرج چوپڑا 88 اعشاریہ07 اور انڈریان مارڈیر 86 اعشاریہ 66 کی تھرو کے ساتھ شامل ہیں۔
Comments are closed.