منگل5؍ربیع الثانی 1444ھ یکم؍نومبر2022ء

ٹوئٹر پر تصدیق شدہ اکاؤنٹس کو کتنی فیس ادا کرنی پڑے گی؟

معروف امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالتے ہی ٹوئٹر پر موجود ’بُلو ٹِک‘ یعنی تصدیق شدہ اکاؤنٹس کے لیے کچھ اہم اصلاحات پر کام شروع کردیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ایلون مسک کی جانب سے تصدیق شدہ ٹوئٹر صارفین کے لیے ٹوئٹر بلیو ممبرشپ متعارف کروائی جائے گی اور سبسکرپشنز کی قیمتوں میں بھی اضافے کا منصوبہ بنالیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، ٹوئٹر بلیو ممبر شپ حاصل کرنے کے لیے صارفین کو 19.99 ڈالرز فیس کی ادائیگی کرنی پڑے گی، اور جن ٹوئٹر اکاؤنٹس پر پہلے سے ہی بلیو ٹک موجود ہے ان کے لیے بھی اس نئے نظام کی پابندی کرنا اور مقررہ فیس کی ادائیگی لازمی ہوگی۔

پہلے سے تصدیق شدہ صارفین کو اس نئے نظام کا حصّہ بننے کے لیے صرف 90 دن جائیں گے۔ 

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ٹوئٹر ملازمین کو جلد سے جلد اس نئے ممبر شپ پلان کے ساتھ آگے بڑھنے کےاحکامات جاری کردیے گئے ہیں اور جو اس سے متفق نہیں ہیں، اُنہیں استعفیٰ دینےکو کہا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، ٹوئٹر کے عملے کو جاری کردہ احکامات پر عمل پیرا ہونے کے لیے 7 نومبر کی ڈیڈ لائن بھی دے دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ’ٹوئٹر بلیو‘ پچھلے سال متعارف کروایا گیا ایک بامعاوضہ ماہانہ ممبرشپ پلان ہے جو ٹوئٹر کی پریمیم سروسز تک خصوصی رسائی فراہم کرتا ہے۔

فی الحال یہ سبسکرپشن سروس امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.