ٹماٹر کھانے میں ناصرف ذائقہ بڑھانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے بلکہ صحت کے لیے بھی مفید سمجھا جاتا ہے۔ اس میں وٹامن اور منرلز کی بھرپور مقدار پائی جاتی ہے جس میں وٹامن اے، سی، آئرن اور نمکیات کی بھرپور مقدار سرفہرست ہے، اسی لیے اس کے استعمال سے صحت پر بے شمار طبی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
ٹماٹر ایسی غذا ہے جسے سلاد کے طور پر کچا اور ہر سالن میں استعمال کیا جاتا ہے ، اس سے بننے والی چٹنیاں نہایت شوق سے کھائی جاتی ہیں، اس کی تاثیر ٹھنڈی اور اس کے استعمال سے وزن میں کمی واقع ہوتی ہے، خون پتلا ہوتا ہے اور خون میں موجود لال خلیوں کی افزائش ہوتی ہے، خون کی کمی کی شکایت بھی دور ہوتی ہے۔
ٹماٹر ایک ایسی غذا ہے جس کا استعمال غذائی ماہرین کی جانب سے تجویز کیا جاتا ہے، کہا جاتا ہے کہ خالص ٹماٹروں سے بننے والا کیچ اپ بچوں کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتا ہے اسی لیے بچوں کو اس کا باقاعدگی سے استعمال کروایا جا سکتا ہے۔
ٹماٹر کے استعمال سے صحت پر آنے والے دیگر مثبت اثرات مندرجہ ذیل ہیں:
غذائی ماہرین کے مطابق ٹماٹر خواتین کی صحت کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتے ہیں، ٹماٹر تولیدی صحت کے لیے بہترین غذا ہے، لہٰذا خواتین کو تجویز کیا جاتا ہے کہ وہ ٹماٹر کا روزانہ کی بنیاد پر استعمال کریں۔
طبی و غذائی ماہرین کے مطابق دودھ پلانے والی ماؤں کے لیے ٹماٹر بے حد مفید غذا ہے، ٹماٹر کھانے سے دودھ پلانے والی ماں کا خون صاف ہو جاتا ہے اور نتیجتاً اس کا مثبت اثر براہ راست بچے کی صحت پر پڑتا ہے۔
ٹماٹر کینسر کے خلیات کی افزائش کو روکتا ہے، اسی لیے ماہرین کی جانب سے ٹماٹر کا سوپ پینے کا مشورہ بھی دیا جاتا ہے ۔
ٹماٹر جِلدی امراض مثلاً کیل، مہاسوں ، دانوں، ایکنی اور جھائیوں کے لیے نہایت مفید ہے، اس کے استعمال سے رنگت بھی تیزی سے صاف ہوتی ہے۔
جلد شفاف بنانے اور رنگ دِنوں میں نکھارنے کے لیے ٹماٹر کے استعمال کا ایک طریقہ یہ ہے کہ ٹماٹروں کا چھلکا اتاریں اور چھلکے کو اپنے چہرے، گردن اور بازوؤں پر بطور ماسک لگا لیں، دس منٹ تک یہ چھلکا اپنے چہرے پر لگا رہنے دیں، بعد ازاں چہرہ دھولیں ۔
اس کے علاوہ ٹماٹر کا گودا بنا کر بھی چہرے پر لگایا جا سکتا ہے۔
ٹماٹر شوگر کی سطح کو بھی متوازن کرتا ہے، انسولین کے خلاف مزاحمت کم کرتا ہے اور شوگر کے لیے استعمال ہونے والی ادویات کی افادیت بڑھاتا ہے۔
جوڑوں اور پٹھوں کے درد میں آرام کے لیے آرتھرائٹس کا شکار افراد کے لیے ٹماٹر کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق ٹماٹر کھانے سے بھوک میں اضافہ ہوتا ہے، کھانے سے کچھ دیر قبل ٹماٹر کے سلاد کا استعمال حیرت انگیز نتائج دیتا ہے، ٹماٹر میں موجود ہاضمے کے لیے وٹامن اور نمکیات معدے کی رطوبتیں خارج کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس کے نتیجے میں بھوک زیادہ لگتی ہے اور کھانا بھی با آسانی ہضم ہو جاتا ہے۔
ٹماٹر میں وٹامن اے کی موجودگی کے باعث یہ انسان کے جسمانی خلیوں کو پہنچنے والے نقصان کی روک تھام کرتا ہے اور آنکھوں کی روشنی بھی تیز کرتا ہے۔
حاملہ خواتین کے لیے طبی ماہرین کی جانب سے تجویز کیا جاتا ہے کہ صبح ایک ٹماٹر کا جوس لازمی پئیں، یہ صحت کے لیے نہایت مفید ہے۔
ٹماٹر کا جوس پینے سے معدہ اور نظام ہاضمہ درست کام کرتا رہتا ہے اور قے، متلی وغیرہ کی شکایت بھی دور ہو جاتی ہے۔
Comments are closed.