بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ٹرینوں کی آمد و رفت میں 9 گھنٹے تک تاخیر، مسافروں کی وزیر ریلوے پر کڑی تنقید

کراچی (رپورٹ، اعجاز احمد) پاکستان ریلوے کا ٹرین آپریشن مسلسل متاثر ہے اور متعدد ٹرینوں کی آمد و رفت میں ڈھائی سے 9 گھنٹے تک تاخیر برقرار ہے، جس کے باعث مسافر سخت پریشان ہیں، جبکہ ریلوے نے تاخیر کے باعث ٹرینوں کی روانگی کے وقت کا نیا شیڈول جاری کردیا ہے۔

کراچی کینٹ اسٹیشن اور سٹی اسٹیشن پر پریشان حال مسافروں نے وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق اور محکمہ ریلوے کے اعلیٰ حکام پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹرینوں کے ٹکٹس کی قیمت تو ہزاروں روپے کردی گئی ہے، لیکن سہولتیں نہ ہونے کے برابر ہیں، اسٹیشنز پر بیٹھنے کے لیے مناسب تعداد میں بنچیز ہیں نہ گرم اور حبس زدہ موسم میں پینے کے ٹھنڈے پانی کا انتظام ہے۔

مسافروں نے کہا کہ رہنمائی کے لیے ریلوے کا عملہ بھی متعلقہ کاؤنٹرز پر موجود نہیں رہتا، حکومت صرف دعوے کرتی ہے، جبکہ عملاً وہ ہر شعبے میں ناکام نظر آتی ہے۔

دوسری جانب  پاکستان ریلوے کے مطابق ملک بھر میں طوفانی بارشیں اور موسم کی خرابی، کراچی سے گاڑیوں کی آمدو رفت میں تاخیر کی بڑی وجہ ہیں۔ آج (منگل) کراچی سے اندرون ملک ٹرینوں کی روانگی کا شیڈول کچھ اس طرح ہے۔

 پاکستان ایکسپریس دوپہر ایک بجے کے بجائے رات 9 بجے روانہ ہوگی، علامہ اقبال ایکسپریس دوپہر 2 بجے کے بجائے رات 11بجے، قراقرم ایکسپریس سہہ پہر ساڑھے 3 بجے کے بجائے شام 6 بجے اور تیزگام ایکسپریس شام 5بجے کے بجائے رات ڈیڑھ بجے روانہ ہوگی، جبکہ بقیہ تمام گاڑیاں اپنے مقررہ وقت پر روانہ ہوں گی۔ پاکستان ریلوے نے تکلیف کے لیے معذرت کا اظہار کیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.