بدھ 19؍شوال المکرم 1444ھ10؍مئی 2023ء

وی آر ہیڈ سیٹ کے ساتھ حقیقی خوشبو کا احساس دلانے والا نظام

ہانگ کانگ: مجازی یا کمپیوٹر ماحول میں اسکرین پر دکھائی دینے والی شے کی بو یا خوشبو کو ظاہر کرنا ہمیشہ ہی محال رہا ہے۔ اب ایک کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس نے ورچول ریئلٹی ہیڈسیٹ کے لیے ناک کے پاس رہنے والا ایسی پٹی بنائی ہے جو دکھائی دینے والی شے کی بو خارج کرکے اسے مزید حقیقی بناسکتی ہے۔

نیچر کمیونکیشن میں شائع اس رپورٹ کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا پہلا ویئرایبل (پہنے جانے والی شے) ہے جو بہت ہی چھوٹا ہے۔ اسے ناک کےنیچے رکھا جاسکتا ہے۔ جس پر ایک نرم ماسک چڑھا ہے۔ ایک ماڈل دو طرح کی خوشبو اور دوسرا ماڈل 9 اقسام کی خوشبو یا کسی بو کو بناسکتا ہے۔

ان دونوں کے اندراصل شے ایک خوشبودار موم ہے جو مختلف درجہ حرارت پرمختلف خوشبوخارج کرتا ہے۔ یہ ایجاد سٹی یونیورسٹی ہانگ کانگ اور بائی ہانگ یونیورسٹی کے ماہرین نے کی ہے۔

اس پیوند سے مختلف خوشبووں کے ملاپ سے 30 اقسام کی بو یا خوشبو پیدا کی جاسکتی ہے جن میں کچھ پھول، انناس، ادرک اور پین کیک کا احساسِ شامہ شامل ہے۔ اگرچہ آکیولس اور دیگر اقسام کے ہیڈسیٹ آواز، قدرتی منظر، سیمولیشن اور چھونے کا احساس دے سکتے ہیں تاہم اب تک خوشبو کا احساس اس میں شامل نہ تھا۔ یہی وجہ ہے کہ اسے ایک اہم ایجاد تصور کیا جارہا ہے۔

لیکن ماہرین کا اصرار ہے کہ یہ محض دکھاوے کی ایجاد نہیں بلکہ اس سے اروما تھراپی، بچوں کی تدریس، خوشبوؤں کی خریدوفروخت اور دیگر اہم کام بھی لیے جاسکتے ہیں۔

You might also like

Comments are closed.