لائکس اور ویوز کی حاصل کرنے کی خاطر ہوائی جہاز تباہ کرنے والے امریکی یوٹیوبر کو 20 برس کی جیل ہوسکتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹریور جیکب نامی یوٹیوبر نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے وفاقی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کی خاطر جہاز کے ملبے کو ضائع کرنے کی کوشش کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہوائی جہاز تباہ کرنے والی اس وائرل ویڈیو کو تقریباً 3 ملین بار دیکھا جاچکا ہے، اس جرم کی سزا زیادہ سے زیادہ 20 برس ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکی فیڈرل ایویشن کی انتظامیہ نے 29 سالہ پائلٹ کا سرٹیفکیٹ منسوخ کردیا ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یوٹیوبر نے دسمبر 2021 میں کیلیفورنیا کے علاقے لاس پیڈریس کے جنگلات میں ہوائی جہاز تباہ کرنے کے بعد اس کے ملبے کو جان بوجھ کر ضائع کرنے کی کوشش کی تاکہ تحقیقات میں خلل پیدا ہو۔
مذکورہ وائرل ویڈیو میں یوٹیوبر کو سنگل انجن طیارے کو تباہ کرنے کے بعد پیراشوٹ کے ذریعے اُترتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
وائرل ویڈیو میں یوٹیوبر نے دعویٰ کیا کہ طیارے میں خرابی ہے جس کی وجہ سے اس نے ہوائی جہاز پر سے اپنا قابو کھو دیا ہے اور مجبوراً اسے اپنا جہاز جنگلات میں گرا کر تباہ کرنا پڑا۔
اس پوری ویڈیو کے دوران یوٹیوبر کے ہاتھوں میں کیمرہ موجود رہا اس نے ہر لمحے کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا۔
تاہم بعد ازاں تحقیقاتی ٹیم نے انکشاف کیا کہ یہ حادثہ نہیں تھا بلکہ ویوز کی خاطر یوٹیوبر نے پہلے سے منصوبہ بندی کی ہوئی تھی کیونکہ اس نے ویڈیو کے آغاز سے سے پیراشوٹ پہن رکھا تھا۔
تحقیقاتی ٹیم کا یہ بھی کہنا ہے کہ یوٹیوبر نے حادثے کے دوران ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی انجن کو دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کی۔
ان کا کہنا ہے کہ گلائیڈنگ رینج کے اندر متعدد علاقے ہونے کے باوجود اس نے محفوظ لینڈنگ کے لئے جگہ تلاش کرنے کی کوشش نہیں کی۔
آنے والے چند ہفتوں میں توقع ہے کہ لاس اینجلس میں باضابطہ طور پر ٹریور جیکب کی درخواست دائر کی جائے گی اور پھر انہیں سزا سنائی جائے گی۔
Comments are closed.