بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ویسٹ انڈیز کا کم بیک، زمبابوے کو ہرادیا، سپر 12 کیلئے راہ ہموار

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلے مرحلے کے دوران گروپ بی کے اہم میچ میں ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو 31 رنز سے ہرادیا۔ 

آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں کھیلے جانے والے ایونٹ کے اس میچ میں ویسٹ انڈیز کا مڈل آرڈر زیادہ متاثر نہ کرسکا۔ 

تاہم ویسٹ انڈیز کی اننگز کا آغاز اچھا رہا، جہاں اس کے بیٹرز نے ابتدائی 10 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 78 رنز بنالیے تھے۔ 

ایسے میں زمبابوے نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے ویسٹ انڈیز کی کئی وکٹیں لے لیں، جس سے اس کے رن ریٹ پر بھی فرق پڑا۔ 

اختتامی لمحات میں عقیل حسین نے 23 اور رومین پاول نے 28 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کا اسکور 7 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز تک پہنچا دیا۔

زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا نے 4 اوورز میں 19 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں، ان کے علاوہ بلیسنگ موزاربانی نے 2 اور شان ولیمز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 

جواب میں زمبابوے کے بلے بازوں نے بھی اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور چھٹے اوور میں ٹیم کی نصف سنچری بھی مکمل کی۔ 

تاہم اس کے بعد وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کے باعث زمبابوے کے مڈل آرڈر کو سنبھلنے کا موقع نہیں ملا اور اس کی اننگز 19ویں اوور میں 122 رنز پر سمٹ گئی۔ 

زمبابوے کی جانب سے لیوک یونگوی 29 رنز بناکر نمایاں رہے، اوپنر ویسلے مدھیویر نے 27 اور ریان برل نے 17 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

ویسٹ انڈیز کے الزاری جوزف نے 16 رنز دے کر 4 زمبابوین کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 

ان کے علاوہ جیسن ہولڈر نے 12 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

واضح رہے کہ پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو اسکاٹ لینڈ کے ہاتھوں بھاری مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

خیال رہے کہ یہ گروپ دلچسپ صورتحال اختیار کرگیا ہے، جہاں تمام ٹیمیں اپنے دو، دو میچز میں ایک، ایک میچ میں کامیابی حاصل کرچکی ہیں جبکہ آئند میچز کی فاتح ٹیمیں سپر 12 کیلئے کوالیفائی کرجائیں گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.