ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے لاہور میں لگایا جانے والا پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ کیمپ ختم ہوگیا۔
آخری دن بھی کرکٹرز نے سیناریو بیسڈ میچ کے تحت پریکٹس کی، قومی اسکواڈ آج لاہور سے ملتان پہنچ جائے گا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کے آخری روز بھی ایل سی سی اے گراؤنڈ میں سیناریو بیسڈ میچ کھیلا گیا، پریکٹس میچ میں ٹیم مینجمنٹ نے بیٹرز اور بولرز کو ٹارگٹ دیے۔
قومی کرکٹر خوشدل شاہ نے 64، عبداللّٰہ شفیق نے 51، شاہین شاہ آفریدی نے 50، محمد رضوان نے 33، افتخار احمد نے 32 اور محمد وسیم جونیئر نے 24 رنز بنائے۔
حسن علی، شاداب خان اور خوشدل شاہ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہنواز دھانی اور افتخار احمد نے1، 1 وکٹ لی۔
قومی اسکواڈ اب ملتان پہنچے گا، جہاں پہلے ون ڈے کے آغاز سے قبل 2 دن مزید پریکٹس کرے گا، دوسری جانب مہمان ویسٹ انڈیز ٹیم 6 جون کو اسلام آباد پہنچے گی اور خصوصی پرواز کے ذریعے ملتان آئے گی۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 8 جون کو کھیلا جائے گا۔
Comments are closed.