بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بیٹر ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ میں اپنی کارکردگی سے ناقدین کے منہ بند کردیے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں میلبرن میں کھیلے گئے ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان کے خلاف سنسنی خیز فتح کا بڑا کریڈٹ ویرات کوہلی کو جاتا ہے، جنہوں نے 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور گوتم گمبھیر کی تنقید کا کارکردگی سے جواب دیا ہے۔
وہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، ایک موقع پر بھارت کے 4 کھلاڑی صرف 31 رنز پر میدان چھوڑ گئے تو ویرات کوہلی نے پاکستانی بولنگ کے سامنے منجدھار میں پھنسی بھارتی ٹیم کی کشتی کنارے لگادی۔
انہوں نے روایتی حریف پاکستان کے خلاف شاندار کارکردگی سے جہاں بہت سے ناقدین کے منہ بند کروادیے وہیں سابق بھارتی بیٹر گوتم گبھیر کو بھی کرارا جواب دیا ہے۔
بھارتی بیٹر ویرات کوہلی کے پاکستانی کھلاڑیوں سے کافی خوشگوار تعلقات ہیں، جس کی کئی خبریں اب تک میڈیا کی زینت بن چکی ہیں۔
دوسری طرف سابق بھارتی بیٹر گوتم گمبھیر کرکٹ کے بعد سیاست میں چلے گئے، وہ آج کل نئی دہلی میں بھارتی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سرکردہ رہنما ہیں۔
دراصل ہوا یہ تھا کہ چند دن قبل گوتم گمبھیر نے ویرات کوہلی کو طعنہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ رنز اپنے ریکارڈز بنانے کے لیے نہیں بلکہ ٹیم کے لیے بنانا۔
انہوں نے سابق کپتان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ ورلڈکپ میں ایسے 50 یا 100 کا کوئی کام نہیں جو ٹیم کے کام نہ آئیں بلکہ ایسے 30 یا 40 رنز بنائیں جو آپ کی ٹیم کی جیت کے لیے اثر رکھتے ہوں۔
Comments are closed.